ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اروند کیجریوال -لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل کے درمیان تکرار برقرار

اروند کیجریوال -لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل کے درمیان تکرار برقرار

Sat, 07 Jul 2018 13:21:01    S.O. News Service

نئی دہلی ،7؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) عدالت کا فیصلہ آنے کے باوجود دہلی حکومت اور لیفٹیننٹ گورنر کے درمیان ’طاقت‘ کی لڑائی برقرار ہے جس کو ختم کرنے کے لیے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے آج لیفٹیننٹ گورنر انل بیجل سے ملاقات کی۔ کیجریوال کے ساتھ نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا بھی موجود تھے۔ تقریباً 25 منٹ تک چلی اس ملاقات کے دوران انل بیجل نے دہلی حکومت کو تعاون کرنے کی یقین دہانی کرائی، لیکن تبادلہ، پوسٹنگ اور سروسز کے معاملے پر لیفٹیننٹ گورنر حکومت کی باتوں سے متفق نظر نہیں آئے۔ گویا کہ اس معاملے پر دونوں کا ٹکراؤ ہنوز جاری ہے۔ اس سلسلے میں انل بیجل نے ریگولر بنچ کا فیصلہ آنے تک انتظار کرنے کے لیے کہا ہے۔

اس ملاقات کے بعد اروند کیجریوال نے پریس کانفرنس کیا جس میں انھوں نے کہا کہ ’’ایل جی (لیفٹیننٹ گورنر) نے دہلی حکومت کو تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے جس سے کئی کاموں میں تیزی آئے گی۔ یہ زیر التوا فائلوں کے لیے بھی بہتر ہے۔ لیکن سروسز کے معاملے میں ایل جی صاحب تعاون کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’ایل جی صاحب کا کہنا ہے کہ ایم ایچ اے کا نوٹیفکیشن ابھی جاری ہے۔ ایسا تاریخ میں پہلی بار ہو رہا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کو ماننے سے مرکزی حکومت نے منع کر دیا ہے۔ ایسی صورت حال بنی رہی تو ملک میں انارکی پھیل جائے گی۔‘‘

پریس کانفرنس میں اروند کیجریوال نے مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے یہاں تک کہہ دیا کہ ’’مرکزی حکومت اور دہلی حکومت اپوزیشن پارٹیاں ہیں۔ مرکزی حکومت نہیں چاہے گی کہ دہلی حکومت اچھا کام کرے۔ اگر کوئی افسر اچھا کام کرے گا تو مرکزی حکومت اس کا ٹرانسفر کر دے گی۔ مرکزی حکومت نے کھل کر سپریم کورٹ کے فیصلے کو ماننے سے انکار کیا ہے۔ ہم اپنے قانونی مشیروں سے رابطہ میں ہیں اور سبھی متبادل کھلے ہوئے ہیں۔ جو بھی طے ہوگا آگے مطلع کیا جائے گا۔‘‘


Share: